طبقات الحفاظ
مصنف | جلال الدین سیوطی |
---|---|
زبان | عربی زبان |
موضوع | تراجم الرجال |
ناشر | دارالکتب العلمیۃ، بیروت، لبنان |
تاریخ اشاعت | 1414ھ/ 1994ء |
صفحات | 125 |
طبقات الحفاظ امام جلال الدین سیوطی (849ھ/1445ء–911ھ/1505ء) کی تصنیف ہے جو تراجم الرجالکے حوالہ سے نویں صدی عیسوی میں تحریر کی جانے والی مشہور کتاب ہے۔ اِس کتاب کو علامہ ذہبی کی تصنیف تذکرۃ الحفاظ کے بعد مستند خیال کیا جاتا ہے۔
مواد
طبقات الحفاظ علامہ ذہبی (متوفی 748ھ/ 1348ء) کی تصنیف تذکرۃ الحفاظ کا ملخص ہے۔ اولاً مصنف نے اِسے خلاصہ کی صورت میں برقرار رکھا لیکن بعد ازاں ایک تکملہ بصورت ذیل لکھا اور کتاب سے ملحق کر دیا۔ مصنف کی اِس تحریر سے معلوم ہوتا ہے جو مقدمہ میں لکھی ہے کہ اِس کتاب کا بیشتر حصہ تذکرۃ الحفاظ سے ملخص شدہ ہے۔ یہ تکملہ تین ذیول کی شکل میں لکھا گیا جو دمشق میں 1347ھ/ 1929ء میں شائع ہوئے تھے۔ اِن ذیول ثلاثہ میں خود مصنف کا تکملہ تذکرۃ الحفاظ یعنی طبقات الحفاظ، الحافظ تقی الدین محمد بن فہد المکی کا ذیل طبقات الحفاظ اور الحافظ ابوالمحاسن الحسینی الدمشقی کا ذیل تذکرۃ الحفاظ بھی شامل ہیں۔[1] کتاب کے مقدمہ میں مصنف نے اِس کتاب کی وجہ تصنیف بھی تحریر کی ہے:
فھذا کتاب طبقات الحفاظ و معدکی حملۃ العلم النبوی و من یرحع الی اجتھادھم فی التوثیق والتجریح، والتضعیف والتصحیح۔ لخصتھا من "طبقات" امام الحافظ أبی عبد اللہ الذھبی، وذیلے علیہ من جاء بعدہ۔ [2]
اِضافہ و طبقات
علامہ ذہبی (متوفی 748ھ/ 1348ء) نے تذکرۃ الحفاظ میں 1176 حفاظِ حدیث کا تذکرہ کیا ہے جو کل 21 طبقات پر مشتمل ہے۔ امام جلال الدین سیوطی نے تذکرۃ الحفاظ کی تلخیص کرتے ہوئے اپنے زمانہ تک کے حفاظِ حدیث کا اِضافہ کیا۔ اِس اضافہ میں علامہ ذہبی کے تراجم الرجال سے 12 شخصیات کا ترجمہ شامل کر دیا گیا۔ تذکرۃ الحفاظ 21 طبقات میں تھی، امام جلال الدین سیوطی کے اِضافہ سے یہ 24 طبقات ہو گئے۔[3]
پہلا طبقہ
پہلے طبقہ میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کا تذکرہ کیا گیا ہے، اِس طبقے کا آغاز حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ترجمہ سے ہوتا ہے۔ کل 23 صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے تراجم اِس طبقہ میں موجود ہیں۔
دوسرا طبقہ
دوسرے طبقہ میں کبار تابعین کا تذکرہ کیا گیا ہے، اِس طبقے کا آغاز مشہور تابعی علقمہ بن قیس سے ہوتا ہے۔ کل 30 تابعین کے تراجم اِس طبقہ میں موجود ہیں۔
تیسرا طبقہ
تیسرے طبقہ میں وسطی تابعین کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اِس طبقہ کا آغاز امام حسن بصری کے ترجمہ سے ہوتا ہے اور اختتام عبد اللہ بن عبید اللہ بن ابی ملیکۃ کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
چوتھا طبقہ
چوتھے طبقہ میں صغار تابعین کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اِس طبقہ کا آغاز امام الفقیہ مکحول الدمشقی سے ہوتا ہے اور اختتام ابو عون البصری عبد اللہ بن عون بن ارطبان المزنی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
پانچواں طبقہ
پانچویں طبقہ کا آغاز ابو عثمان المدنی عبید اللہ بن عمر بن حفص بن عاصم بن محمد العدوی کے ترجمہ سے اور اختتام ابو یحییٰ البصری مہدی بن میمون الازدی المعولی مولاھم کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
چھٹا طبقہ
چھٹے طبقہ کا آغاز ابوعلی الزاہد فضیل بن عیاض بن مسعود التمیمی الیربوعی کے ترجمہ سے اور اختتام ابوبدر السکوفی الکوفی المحدث شجاع بن ولید بن قیس کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
ساتواں طبقہ
ساتویں طبقہ کا آغاز ابوسعید البصری اللؤلؤی الحافظ عبد الرحمن بن مہدی بن حسان کے ترجمہ سے اور اختتام داؤد بن یحییٰ بن یمان العجلی الکوفی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
آٹھواں طبقہ
آٹھویں طبقہ کا آغاز ابوبکر المکی حمیدی عبد اللہ بن زبیر بن عیسیٰ الازدی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ الامام ابو الحسن علی بن الحسین الذھلی الافطس کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
نواں طبقہ
نویں طبقہ کا آغاز ابو مروان السلمی عبد الملک بن حبیب کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ الامام ابو محمد فضل بن محمد بن المسیب البیہقی الشعرانی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
دسواں طبقہ
دسویں طبقہ کا آغاز ابواسحاق ابراہیم بن اورمۃ الحافظ الاصبہانی کے ترجمہ سے اور اختتام یحییٰ بن محمد بن صاعد بن کاتب کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
گیارھواں طبقہ
گیارہویں طبقہ کا آغاز ابوعوانہ الحافظ الکبیر یعقوب بن اسحاق بن یزید الاسفرائینی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ ابوحفص عمر بن سہل بن اسماعیل الدنپوری القرمیسینی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
بارھواں طبقہ
بارہویں طبقہ کا آغاز الامام الحجۃ محدث عراق محمد بن عبد اللہ بن ابراہیم بن عبد ویہ البغدادی البزار ابوبکر الشافعی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ ابوسلیمان محمد بن عبد اللہ بن احمد بن ربیعۃ ابن زبر الربعی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
تیرھواں طبقہ
تیرہویں طبقہ کا آغاز الحافظ الامام محمد بن یوسف بن محمد بن جنید الجرجانی ابوزُرعۃ الکشی کے ترجمہ سے اور اختتام علامہ الحافظ ابو الحسن علی بن احمد بن الحسن بن محمد بن نعیم البصری النُعَیمی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
چودھواں طبقہ
چودہویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ ابو عبد اللہ محمد بن علی بن عبد اللہ بن محمد بن دحیم الساحلی کے ترجمہ سے اور اختتام القاضی محدث ابو القاسم عبید اللہ بن احمد بن محمد بن حسکان القرشی العامری النیسابوری الحسکانی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
پندرھواں طبقہ
پندرہویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ الکبیر ابونصر علی بن ھبۃ اللہ بن علی ابن جعفر بن علی ابن ماکولا العجلی الجرباذقانی البغدادی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ ابونصر الحسن بن محمد بن ابراہیم بن احمد الیونارتی الاصبہانی کے ترحمہ پر ہوتا ہے۔
سولہواں طبقہ
سولہویں طبقہ کا آغاز محدث عراق الامام ابو الفضل محمد بن ناصر بن محمد بن علی بن عمر السلامی کے ترجمہ پر اور اختتام الحافظ ابو عبد اللہ محمد بن الحسین بن علی بن یعقوب الزغوالی المروزی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
سترھواں طبقہ
سترہویں طبقہ کا آغاز الحافظ الامام المتقن ابو القاسم خلف بن عبد الملک بن مسعود بن موسیٰ ابن بشکوال الانصاری الاندلسی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ الامام ابو عبد اللہ محمد بن عبد الرحمن بن علی بن محمد بن سلیمان التجیبی المرسی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
اٹھارہواں طبقہ
اٹھارہواں طبقہ الحافظ محدث مالقہ عبد اللہ بن الحسن بن احمد الانصاری ابوبکر المالقی القرطبی کے ترجمہ سے اور اختتام محدث عالم صدر الدین ابوعلی الحسن بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن عمروک القرشی التیمی البکری النیسابوری الدمشقی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
اُنیسواں طبقہ
اُنیسویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ سیف الدین ابوالعباس احمد بن المجد عیسیٰ ابن الشیخ موفق الدین عبد اللہ بن احمد ابن قدامہ المقدسی کے ترجمہ سے اور اختتام الامام محدث الحافظ جمال الدین ابوحامد محمد بن علم الدین علی بن محمود بن احمد المحمودی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
بیسواں طبقہ
بیسویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ ابوالمظفر منصور بن سُلَیم بن منصور الاسکندرانی الشافعی کے ترجمہ سے اور اختتام الامام الحافظ ابوجعفر احمد بن ابراہیم بن زبیر الثقفی العاصمی الغرناطی النحوی ابن الزبیر کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
اکیسواں طبقہ
اکیسویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ شہاب الدین ابوالعباس احمد بن فرح بن احمد ابن فرح الاشبیلی الشافعی کے ترجمہ سے اور اختتام ابوعمرو محمد بن عثمان بن یحییٰ بن احمد بن عبد الرحمن ابن ظافر ابن المرابط الغرناطی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
بائیسواں طبقہ
بائیسویں طبقہ کا آغاز عبد اللہ بن محمد بن عبد اللہ بن ابی بکر البہاء بن خلیل کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ شمس الدین ابوبکر محمد بن عبد اللہ بن احمد بن عبد اللہ بن احمد بن محمد بن ابراہیم ابوبکر بن المحب المقدسی الحنبلی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
تئیسواں طبقہ
تئیسویں طبقہ کا آغاز الامام الحافظ محدث زین الدین عبد الرحمن بن احمد بن رجب بن الحسن ابن رجب الحنبلی کے ترجمہ سے اور اختتام الحافظ نور الدین ابو الحسن علی بن ابی بکر بن سلیمان بن عمر بن صالح الہیثمی کے ترجمہ پر ہوتا ہے۔
چوبیسواں طبقہ
چوبیسویں طبقہ کا آغاز جمال الدین عبد اللہ بن ابراہیم بن خلیل بن عبد اللہ الشرایحی کے ترجمہ سے اور اختتام امام الحافظ الدنیاء ابن حجر عسقلانی کے ترجمہ پر ہوا ہے جو 852ھ/ 1449ء میں قاہرہ، مصر میں فوت ہوئے۔
اشاعت
جرمن مستشرق فرڈیننڈ وسٹنفیلڈ نے 1833ء/ 1834ء میں جرمنی کے شہر گوٹنگن سے شائع کیا۔ یہ فرانسیسی زبان میں کیا گیا ترجمہ تین جلدوں میں ترتیب دیا گیا تھا۔ 1347ھ/ 1929ء میں طبقات الحفاظ بصورت ذیول الثلاثہ دمشق، شام سے شائع ہوئے۔[3] جدید طرز پر مبنی نسخہ کی طباعت دارالکتب العلمیہ، بیروت، لبنان سے 1414ھ/ 1994ء میں ہوئی۔ اِس نسخہ جدید میں کل صفحات 607 ہیں۔