منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن
بانیڈاکٹر محمد طاہرالقادری
قیام17 اکتوبر 1989[1]
صدر دفترلاہور، پاکستان
کلیدی لوگامجد علی شاہ، خرم شہزاد
خدمت دائرہ کارتعلیم، صحت، فلاح عام
مرکوزآغوش، تعلیم، آئی سرجری کیمپ، فراہمی آب، اجتماعی شادیاں، قدرتی آفات میں ہنگامی امداد
طریقہ کارعطیات
شعار’’ہمارا عزم ہمارا کام
تعلیم، صحت، فلاح عام‘‘
موقعِ حبالہWelfare.org.pk

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، تحریک منہاج القرآن کا فلاحی ادارہ ہے، جس کی بنیاد 17 اکتوبر 1989ء میں رکھی گئی۔ ،[2] یہ فلاحی ادارہ قدرتی آفات میں ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے علاوہ مستقل نوعیت کے فلاحی منصوبہ جات پر بھی کام کرتا ہے، جن میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم اور کفالت کا منصوبہ آغوش [3] غریب و بے سہارا جوڑوں کی اجتماعی شادیاں وغیرہ شامل ہیں۔

قیام کے مقاصد

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تحریک منہاج القرآن کے تحت قائم ایک بین الاقوامی فلاحی و رفاہی تنظیم ہے، جس کا مقصد امداد باہمی کے تصور کے تحت معاشرے کے تمام طبقات میں تعاون، اخوت، عزت و احترام اور انھیں خوش حال زندگی گزارنے کے لیے اعانت فراہم کرنا ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ’’تعلیم‘‘، ’’صحت‘‘ اور ’’فلاح عامہ‘‘ کے میدانوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

نعرہ:ہمارا عزم ہمارا کام۔ ۔۔ ۔۔ تعلیم، صحت اور فلاح عام

تعلیم

اداروں کا قیام

پاکستان میں اب تک قائم ہونے والے تعلیمی اداروں کی تفصیل یہ ہے:

  • پرائمری و ثانوی اسکولز: 572
  • انفارمیشن ٹیکنالوجی کالجز: 17
  • چارٹرڈ یونیورسٹی: 1 (لاہور میں)

تعلیم سب کے لیے

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح تعلیم سب کے لیے (Education for All) ہے۔ اس مقصد کے لیے غیر حکومتی سطح پر رسمی و غیر رسمی تعلیم اور تعلیم بالغاں کے ذریعے پاکستان میں شرح خواندگی میں اضافے کی کاوشیں جاری ہیں۔

نظام تعلیم اور نظام امتحان میں تبدیلی

تعلیمی اداروں میں جدید ترقی یافتہ نظام تعلیم نافذ کیا گیا ہے، جس میں دینی اور دنیاوی تعلیم کو مربوط کر کے نصاب مرتب کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لیے نظام امتحانات میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ موجودہ نظام امتحان طلبہ کی تعلیمی استعداد و قابلیت کی بجائے محض یادداشت کا امتحان ہے۔ تعلیم اور نظام امتحان کو ’’تحصیلِ علم‘‘ کا نظام بنایا جا رہا ہے۔

بامقصد تعلیم کا فروغ

نظام تعلیم میں اصلاحات کے ذریعے معیاری اور مقداری تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ابتدائی سے لے کر اعلیٰ سطح تک تمام تعلیمی اداروں میں تعلیم کو بامقصد، علمی اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

تعصب پر مبنی نصاب کا خاتمہ

تعلیمی اداروں سے ہر طرح کے مذہبی، علاقائی، لسانی، طبقاتی اور فرقہ وارانہ تعصبات اور نفرتوں کو تعلیمی نصاب اور تعلیمی اداروں سے خارج کیا گیا ہے۔

تعلیم کے اہداف

  • مراکز خواندگی اور پرائمری اسکولوں کا قیام
  • ایک ہزار ماڈل اسکولوں، کالجوں اور اسلامی مراکز کا قیام
  • صوبائی سطح پر جامعات کا قیام
  • ایک بین الاقوامی چارٹر یونیورسٹی کا قیام
  • غریب و مستحق طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی وظائف کا انتظام

صحت

فری میڈیکل کمپلیکس و ہسپتال

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ساہیوال ،[4] ملتان، پاکپتن، گوجرانوالہ اور مردان میں پانچ منہاج ویلفیئر ہسپتال قائم کیے جا چکے ہیں۔ مرکزی تعلیمی اداروں کے اسٹاف ممبرز اور طلبہ و طالبات کے لیے بھی ایک منہاج کلینک قائم کیا گیا ہے، جہاں علاج و معالجہ کی سہولت مفت پہنچائی جاتی ہے۔

منہاج فری ڈسپنسریز

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ’منہاج فری ڈسپنسریز‘ کے نام سے پاکستان بھر میں 107 ڈسپنسریز چلا رہی ہے۔

سالانہ فری آئی سرجری کیمپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ضلع ناروال میں ہر سال ’سالانہ فری آئی سرجری کیمپ‘ کا اہتمام کرتی ہے، جہاں معروف آئی اسپیشلسٹ مریضوں کا معائنہ اور آپریشن کرتے ہیں۔ آئی کیمپ میں مریضوں کے قیام، طعام، ادویات، ٹیسٹ اور آپریشن کا مکمل خرچ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ ہوتا ہے۔

صحت کے اہداف

  1. ملک کی ہر یونین کونسل میں فری ڈسپنسریوں کا قیام
  2. ہر یونین کونسل میں ماہانہ بنیادوں پر فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد
  3. ملک کے تمام بڑے شہروں اور 500 تحصیلوں میں منہاج ایمبولینس سروس کا قیام
  4. ملک کی تمام تحصیلوں میں منہاج ہسپتالوں کا قیام
  5. ملک بھر میں بلڈ ڈونیشن سوسائٹیوں کا قیام

فلاح عام

آغوش کمپلیکس کی عمارت

آغوش

ٹاؤن شپ لاہور میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم کے لیے آغوش کے نام سے پانچ منزلہ عمارت بنائی گئی، جس کا آغاز صوبہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005ء کو آنے والے زلزلہ سے متاثرہ یتیم بچوں سے کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس میں دیگر علاقوں کے بچے بھی داخل ہوتے چلے گئے۔[5]

بیت المال

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ’بیت المال‘ قائم کیا ہے جس کا مقصد غریب اور نادار افراد کی مالی مدد کرنا ہے۔

اجتماعی شادیاں

پاکستانی معاشرے کی غریب، نادار اور مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جہیز کا سامان، بارات اور مہمانوں کی باعزت تواضع اور بچیوں کی رخصتی کا اہتمام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کرتی ہے۔ سال 2015ء تک ایک ہزار سے زیادہ نادار بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں۔

فراہمی آب کا منصوبہ

پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں پانی کی فراہمی ایک جانگسل کام ہے، جہاں خواتین کئی میل پیدل سفر طے کر کے پینے کا پانی لے کر آتی ہیں۔ غریب آبادی کو پینے کے پانی کی مفت فراہمی کے لیے ابتدائی طور پر 1500 مقامات پر پانی کے نل لگوائے جا چکے ہیں۔

فلاح عام کے اہداف

  1. ملک کے تمام بڑے شہروں میں یتیم و بے سہار ابچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے ادارہ جات (آغوش) کا قیام
  2. فراہمی آب کے منصوبہ میں 5000 ایسے مقامات پر واٹرپمپس کی انسٹالیشن جہاں پانی کی کمی ہے
  3. قدرتی آفات زلزلہ، سیلاب، بارش اور دہشت گردوں سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی ریلیف فنڈز کا قیام اور بحالی کے لیے فی الفور عملی اقدامات
  4. بے روزگار نوجوانوں کے لیے خود روزگار اسکیم (Micro Finance Scheme) کے ذریعے بلاسود قرضون کی فراہمی اور ان کی کاروبار میں معاونت

وسائل

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کسی ملکی یا غیر ملکی ایجنسی، فلاحی ادارے، حکومت یا حکومتی ادارے سے اپنے منصوبہ جات کے لیے امداد نہیں لیتی۔ تمام فلاحی منصوبہ جات کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور ارکان کے ذمہ ہے۔ بالخصوص بیرون پاکستان مقیم منہاج القرآن کی تنظیمات اور ارکان اس کے وسائل کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔[6]

پاکستان کے اندر فنڈز جمع کرنے کے لیے درج ذیل ذرائع استعمال کیے جاتے ہیں:

  • قربانی کی کھالوں کی ملک گیر مہم
  • زکوٰۃ اکٹھا کرنے کی ملک گیر مہم
  • عمومی عطیات (Donations)
  • خصوصی عطیات (کسی مخصوص پراجیکٹ کے لیے)

حوالہ جات

  1. Welfare.org.pk
  2. "منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا تعارف"۔ 2016-03-04 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2015-03-12
  3. "یتیم بچوں کی کفالت"۔ 2014-12-08 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2011-09-16
  4. منہاج القرآن فری میڈیکل کمپلیکس ساہیوال
  5. "منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا منصوبہ آغوش"۔ 2014-12-08 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2011-09-16
  6. منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن

31°29′00″N 74°18′32″E / 31.4833738°N 74.3088156°E / 31.4833738; 74.3088156