ویکیپیڈیا:مردہ ربط

ربط کی مردنی (انگریزی: Link rot) سے مراد وہ صورت حال ہے جب کسی ویب صفحے پر موجود روابط (URLs) غیر فعال ہو جاتے ہیں، یعنی وہ اپنے مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ متعلقہ ویب صفحہ مستقل طور پر حذف ہو گیا ہو، اس کے مندرجات تبدیل ہو چکے ہوں یا وہ صفحہ کسی نئے پتے پر منتقل ہو گیا ہو۔ اس طرح کے روابط عموماً "شکستہ" یا "مردہ" کہلاتے ہیں۔

ویکیپیڈیا جیسے بڑی ویب گاہوں پر پر ربط کی شکستگی ایک عام مسئلہ ہے، جہاں بیرونی روابط وقت کے ساتھ غیر فعال ہو جاتے ہیں۔ یہ مسئلہ ویکیپیڈیا کے اعتبار و استناد اور حوالہ جات کی پالیسی کے لیے ایک اہم چیلنج ہے

مردہ ربط کی وجوہات

ربط کی مردنی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں سے چند حسب ذیل ہیں:

  • ویب صفحے کا مستقل طور پر حذف ہونا۔
  • ویب گاہ کے ڈومین نام کی میعاد ختم ہونا یا کسی اور کو منتقل ہونا۔
  • ویب گاہ کی ساخت میں تبدیلی، جس سے یو آر ایل تبدیل ہو جاتے ہیں۔
  • ویب گاہ کے مندرجات کی تبدیلی یا کسی نئے پتے پر منتقلی۔
  • ویب گاہ کا مستقل طور پر بند ہونا۔

تحفظ و اصلاح

مردہ روابط سے بچنے اور ان کی اصلاح کے لیے درج ذیل اقدامات کیے جا سکتے ہیں:

  • خودکار آرکائیو سازی: ویکیپیڈیا پر موجود بیرونی روابط خودکار طور پر وے بیک مشین میں محفوظ ہو جاتے ہیں۔ یہ عمل مستقبل میں ان روابط کے غیر فعال ہونے کی صورت میں ان کی بازیابی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
  • دستی آرکائیو سازی: اگر کوئی ربط غیر فعال ہو جائے تو دستی طور پر اس کا آرکائیو شدہ نسخہ تلاش کیا جا سکتا ہے اور اسے حوالہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے وے بیک مشین یا آرکائیو ٹوڈے جیسی ویب آرکائیو ساز خدمات استعمال کی جا سکتی ہیں۔
  • متبادل ذرائع کا استعمال: اگر کوئی ربط غیر فعال ہو جائے اور اس کا آرکائیو شدہ نسخہ دستیاب نہ ہو تو متبادل ذرائع سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں اور نئے حوالہ جات شامل کیے جا سکتے ہیں۔
  • حوالہ جات کی مناسب فارمیٹنگ: حوالہ جات کو مناسب طریقے سے فارمیٹ کرنا، مثلاً مکمل یو آر ایل کی بجائے عنوان، مصنف، تاریخ اور رسائی کی تاریخ شامل کرنا، ربط کی شکستگی کی صورت میں معلومات کی بازیابی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ویکیپیڈیا پر ربط کی مردنی کی سنگینی

ویکیپیڈیا پر ربط کی شکستگی ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ یہ معلومات کے استناد کو متاثر کرتا ہے۔ غیر فعال روابط کی وجہ سے قارئین کو اصل مراجع تک رسائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جو ویکیپیڈیا کی ساکھ پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ اس لیے مردہ روابط کی روک تھام اور اصلاح ویکی برادری کے فرائض میں داخل ہے۔

حوالہ جات