پورٹیج لا پریری، مینی ٹوبا

پورٹیج لا پریری نامی شہر کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا کے وسطی میدانی علاقے میں واقع ہے۔ 2006 کی مردم شماری کے مطابق اس کی کل آبادی 12728 افراد تھی۔ شہر کا کل رقبہ 24 اعشاریہ 67 مربع کلومیٹر ہے۔ یہ شہر صوبائی دارلخلافے ونی پگ سے مغرب کی جانب 70 کلومیٹر دور ہے۔ یہ شہر اسینی بوئنے دریا کے کنارے واقع ہے۔ اس دریا میں آنے والے سیلاب سے شہر اکثر ڈوبتا رہا ہے تاہم اب جھیل مینی ٹوبا کے شمال میں ایک گہرا گڑھا کھودا گیا ہے جہاں سارا سیلابی پانی ڈال دیا جاتا ہے۔ شہر کا نام فرانسیسی کے لفظ پورٹیج سے نکلا ہے جس کا مطلب ہے کہ کشتی کو اٹھا کر ایک دریا یا نہر سے دوسری تک لے جانا۔ موجودہ نام کے سلسلے میں یہ سفر لا پریری کے ذریعے جھیل مینی ٹوبا اور اسینی بوئنے دریا کے درمیان ہوا تھا۔ کینیڈا کے ماحولیات کے محکمے کے مطابق یہاں گرمیوں میں کینیڈا بھر میں سب سے زیادہ سورج چمکتا ہے۔

خد و خال

دریا کے پاس واقع ہونے کی وجہ سے یہ شہر نقل و حمل کا اہم مرکز تھا اور بعد ازاں ملکی قومی ریلوے کی پٹڑیاں یہاں سے گذرنے کی وجہ سے اس کی اہمیت بڑھتی گئی۔ یہ تمام پٹڑیاں ایک دوسرے سے چند سو میٹر دور ہیں۔ اس وجہ سے ریلوے کے شوقین افراد کے لیے یہ جگہ بہترین ہے جہاں سے وہ ہر قسم کی ٹرینیں دیکھ سکتے ہیں۔ شہر میں درخت اگاؤ مہم تیزی سے جاری ہے اور شہر میں جنگلات پائے جاتے ہیں۔

ذرائع نقل و حمل

پورٹیج لا پریری ریلوے اسٹیشن پر وی آئی اے ریلوے کے تحت دی کینیڈین اور ہڈسن بے کمپنی کی ٹرینیں چلتی ہیں۔ پورٹیج لا پریری کینیڈین پیسیفک ریلوے اسٹیشن پر اب مسافر بردار ٹرینیں نہیں چلتیں اور اس کو عجائب گھر بنا دیا گیا ہے۔ پورٹیج لا پریری/ساؤتھ ائیرپورٹ فضائیہ کا سابقہ اڈا ہے اور شہر کا بنیادی ہوائی اڈا بھی۔ پورٹیج لا پریری کا شمالی ہوائی اڈا بھی نزدیک ہی واقع ہے اور گھاس کی پٹی پر مشتمل ہے۔

معیشت

معیشت کا زیادہ تر دار و مدار زراعت اور اس سے متعلق صنعتوں پر ہے۔ میک کین فوڈز اور سمپلٹ کا پلانٹ جو آلوؤں کی پروسیسنگ کرتا ہے اور میک ڈونلڈز، ونڈی اور دیگر کمپنیوں کو فرنچ فرائز فروخت کرتا ہے۔ کین اوٹ ملنگ جو دنیا بھر میں جو کی ملنگ کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے، بھی یہاں قائم ہے۔ پورٹیج لا پریری میں سالانہ 120 سے 125 دن درجہ حرارت صفر سے زیادہ رہتا ہے جس کی وجہ سے یہاں بہت سارے فارم قائم ہیں۔ کہا جا سکتا ہے کہ شہر کی بنیادی صنعت زراعت ہے۔

مسائل

گاڑیوں کی چوری اور انھیں نقصان پہنچانا جیسے مسائل شہر میں عام ہیں۔ رہائشی مکانات کی بھی کمی ہے۔