قنوطیت
قنوطیت (pessimism) ایک ایسے رجحان یا رویۓ کو کہا جاتا ہے جس میں وہ شخصیت، زندگی کے کسی بھی انفرادی یا اجتماعی پہلو کے بارے میں سوداویت پسند (malencholic) خیالات رکھتی ہو۔ یہاں اس بات کو مدنظر رکھنا اہم ہے کہ قنوطیت اور سوداویت ایک دوسرے کے متبادل ہو بھی سکتے ہیں اور نہیں بھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اپنے عام اور کسی حد تک طبی مفہوم کے لحاظ سے، قنوطیت اصل میں ایک قسم کے مایوس، یاس پسند، نا امید اور منفی سوچ کے حامل رویئے کو کہا جاتا ہے جو لازمی نہیں کہ کسی شدید طبی یا نفسیاتی مرض کی وجہ سے ہی ہو بلکہ بسا اوقات تو یہ لفظ یعنی قنوطیت یا اس کے متبادلات جیسے یاس پسندی، منفی رویہ اور مایوس وغیرہ بلا کسی طبی تشخیص کے بھی ادا کیے جاتے ہیں؛ اس کے برعکس سوداویہ ایک ایسی حالت ہے جس کو ماضی میں بھی ایک شدید نفسیاتی کیفیت میں شمار کیا جاتا تھا اور آج بھی اس کو کبیر اكتِئابی اضطرابات (major depressive disorders) میں شمار کیا جاتا ہے۔[1]
قنوطیت کا لفظ، قنوط سے بنا ہے جس کے معنی یاس اور مایوسی کے ہوتے ہیں اور اسی سے قنوطی اور قنوطیت کے الفاظ اخذ کیے جاتے ہیں۔ قنوطیت کا تلفظ، ق اور ن پر پیش اور ی پر تشدید کے ساتھ قُنُو + طی + یَت ادا کیا جاتا ہے۔[2] قنوطیت (pessimism) کا مذکورہ بالا شخصی رجحان والے نفسیاتی مفہوم کے علاوہ ایک فلسفیانہ مفہوم بھی ہوتا ہے جس کے تحت قنوطیت سے مراد اس مسلک یا doctrine کی ہوتی ہے جس کے عقیدے کے مطابق یہ دنیا، منفیت اور برائی سے بھری ہوئی ہے اور یہ کہ تمام چیزیں، بدی یا برائی کی جانب مائل ہیں؛ اس فلسفیانہ مسلک کو، رجائیت (optimism) کا متضاد کہا جا سکتا ہے۔[3]
حوالہ جات
- ↑ ایک آن لائن طبی لغت میں سوداویہ کا اندراج۔
- ↑ ایک اردو لغت میں لفظ قنوطیت کا اندراج۔
- ↑ ایک انگریزی لغت پر pessimism کا اندراج آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ bartleby.com (Error: unknown archive URL)۔