کوکبی سال
کوکبی سال وقت کی اکائیوں میں سے ایک پیمائشی اکائی ہے جو زمین کی سورج کے گرد ایک گردش مکمل کرنے والی مدت کو کہتے ہیں۔
پیمائش
کوکبی سال کی پیمائش یوں کی جاتی ہے کہ: مستقل کواکب میں سے کسی ایک ستارے کو نقطہ ابتدا مان لیا جاتا ہے اور زمین جب اُس مستقل ستارے کے سامنے آ جاتی ہے تو منجمین اور ماہرین ہیئت کوکبی سال کی پیمائش کا اندازہ شروع کردیتے ہیں، دوبارہ زمین جب دائرۃ البروج کے 360 درجات کو طے کرتی ہوئی واپس اُس مستقل ستارے پر آ جاتی ہے تو کوکبی سال کی پیمائش کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ سال 2000ء میں کوکبی سال کی پیمائش 365.25636 دن یعنی 365 دن 6 گھنٹے 9 منٹ 9.504 سیکنڈ کی گئی تھی۔
سال اعتدال سے تفاوت
کوکبی سال سال اعتدال سے 20 منٹ 24.5 سیکنڈ زائد ہے جبکہ سال 2000ء میں سال اعتدال کی پیمائش 365.242189 دن یعنی 365 دن 5 گھنٹے 48 منٹ 45.1296 سیکنڈ کی گئی تھی۔ دونوں میں تفاوت 20 منٹ 24.3774 سیکنڈ کا ہے۔ یہ فرق بڑھتا بڑھتا 71 سال میں ایک دن بن جاتا ہے اور اِس طرح سال اعتدال اور کوکبی سال میں ہر 71 سال بعد ایک دن کا اضافہ ہوجاتا ہے۔ زمانہ قبل از مسیح میں یونانی ماہر فلکیات ابرخس نے حرکت اعتدالین کی دریافت سے قبل کوکبی سال اور سال اعتدال میں یہ فرق واضح نہیں ہوا تھا۔
مزید دیکھیے
- سال اعتدال
- بے دائریت
- جولین سال (فلکیات)
- گاؤسئین سال
- مداری مدت
- کوکبی وقت
- ابرخس
- حرکت اعتدالین
sidereal year کے لغوی معنوں کے لئے ویکی لغت میں دیکھیے۔ |