عبد اللہ بن عون

عبد اللہ بن عون
معلومات شخصیت
پیدائش 8 اگست 685ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بصرہ   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات 760ء کی دہائی  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بصرہ   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ محدث   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

عبد اللہ بن عونؒ تابعین میں سے ہیں۔

نام ونسب

عبد اللہ نام، ابوعون کنیت ،عبد اللہ بن درہ مزنی کے غلام تھے۔

پیدائش

سیل جارف کے تین سال قبل پیدا ہوئے۔ [1]

فضل وکمال

علمی اعتبار سے کوفہ کے اکابر علما میں تھے، امام ثوری کہتے تھے کہ میں نے ایوب، یونس ،تیمی اورابن عون جیسے فضلا کسی ایک شہر میں اکھٹا نہیں دیکھے ۔ [2]

حدیث

اگرچہ عبد اللہ جملہ مذہبی علوم میں دستگاہ رکھتے تھے،لیکن حدیث نبوی سے ان کو خاص ذوق تھا اوراس میں امتیازی پایہ رکھتے تھے،علامہ ابن سعد لکھتے ہیں۔کان ثقۃ کثیر الحدیث [3] انھوں نے اس عہد کے تمام اکابر محدثین کا علم اپنے دامن میں سمیٹ لیا تھا،ابن مداینی کا بیان ہے کہ ابن عون نے ایسی مستند احادیث محفوظ کی تھیں،جوان کے کسی ساتھی کے حصہ میں نہ آئی ہوں گی،مدینہ کے ممتاز محدثین میں انھوں نے سالم اورقاسم،بصرہ کے محدثین میں حسن بصری اورابن سیرین اورکوفہ کے محدثین میں امام شعبی اورامام نخعی، مکہ کے محدثین میں عطاء اورمجاہداور شام کے محدثین میں مکحول اورجاء بن حیوہ سے سماع حدیث کیا تھا [4] اس طرح اس عہد کے تمام مراکز حدیث کے اکابر محدثین کی حدیثیں انھوں نے حاصل کرلی تھیں۔ ان کے علاوہ اوربہت سے علما سے بھی وہ مستفید ہوئے تھے، ان میں بعضوں کے نام یہ ہیں،ثمامہ بن عبد اللہ بن انس،انس بن سیرین،زیاد بن جیر بن حبہ، عبد الرحمن ابن ابی بکرہ ،موسیٰ بن انس بن مالک،ہشام بن زید بن انس،سعید بن جبیر اور نافع وغیرہ۔ [5] ان بزرگوں کے فیض نے ابن عون کا دامن علم نہایت وسیع کر دیا تھا،ابن مہدی کا بیان ہے کہ عراق میں ابن عون سے بڑا سنت کا عالم کوئی نہ تھا۔ [6] ابن مبارک کہتے تھے کہ میں نے ملاقات سے پہلے جن جن لوگوں کا تذکرہ سنا تھا ان میں ابن عون حیوۃ اورسفیان کے علاوہ باقی سب کو ملنے کے بعد کم پایا،مگر ابن عون سے ملنے کے بعد دل چاہتا تھا کہ ہمیشہ کے لیے ان کے دامن سے وابستہ ہوجاؤں اورمرتے دم تک جدا نہ ہوں۔ [7] ایک مرتبہ ہشام بن حسان نے ایک حدیث بیان کی ،کسی نے پوچھا یہ حدیث کس سے سنی،جواب دیا، اُس شخص سے جس کا مثل میری آنکھوں نے نہیں دیکھا،انھوں نے حسن بصری اورابن سیرین کو بھی مستثنیٰ نہیں کیا۔ [8]

روایت حدیث میں خوف واحتیاط

اس وسعت علم کے باوجود حدیث بیان کرنے میں بڑے محتاط تھے انھوں نے روایت حدیث کے خوف سے راستہ میں نکلنا چھوڑدیا تھا ،بکار بن محمد کا بیان ہے کہ ابن عون نے مجھ سے کہا کہ بھتیجے لوگوں نے میرا راستہ بند کر دیا،میں اپنی ضرورت کے لیے بھی گھر سے باہر نہیں نکل سکتا، بکار کہتے کہ اس سے ان کی مراد یہ تھی کہ لوگ ان سے حدیثیں پوچھتے تھے۔ [9] تاہم انھوں نے روایتِ حدیث کا دروازہ بالکل بند نہیں کر دیا تھاا ور علما کی مصدقہ حدیثیں بیان کرتے تھے،بکار روایت کرتے ہیں کہ ابن عون نے کوفہ میں بڑا علم حاصل کیا اور اس کو محمد کے سامنے پیش کیا،محمد نے سن کر جس حدیث پر پسندیدگی ظاہر کی اس کو ابن عون نے بیان کیا،باقی احادیث چھوڑ دیں۔ [10]

تلامذہ

ان کے تلامذہ میں بڑے بڑے ائمہ تھے،اعمش،سفیان ثوری،شعبہ اورابن مبارک وغیرہ عام تلامذہ کا دائرہ نہایت وسیع تھا،ان میں سے بعض کے نام یہ ہیں،داؤد بن ابی ہند،یحییٰ القطان ،عباد بن العوام،ہشیم،یزید بن زریع،ابن علیہ،بشر بن مفضل ،معاذ بن معاذ، یزید بن ہارون، ابو عاصم اورمحمد بن عبد اللہ انصاری وغیرہ۔ [11]

فضائل اخلاق

علم سے زیادہ ان کا طغرائے کمال ان کا زہد وورع اوران کے اخلاقی وروحانی فضائل تھے،ابن حبان کا بیان ہے کہ ابن عون عبادت وریاضت زہد وورع فضل وکمال پابندی سنت اوراہل بدعت پر تشدد میں اپنے زمانہ کے سرداروں میں تھے۔ [12]

عقیدہ میں تشدد

عقائد میں صحابۂ کرام کے پاک اورصاف عقیدہ کے پابند تھے اور اس میں مبتدعانہ خیالات کی آمیزش کو سخت ناپسند کرتے تھے اور ایسے لوگوں کو سلام تک نہ کرتے تھے (ابن سعد،ج 7،ق 2،ص 25) ایک مرتبہ ان کے سامنے قدر کا ذکر آیا، انھوں نے کہا میری عمر اس عقیدہ کی عمر سے زیادہ ہے، میں نے سعید جہنی اور سنہویہ کے علاوہ اسلاف میں کسی کو اس کا ذکر کرتے ہوئے نہیں سنا یہ خیال ش رہے۔ [13]

عبادت

ان کے زہد وورع اورعبادت وریاضت نے ابن سیرین کو بھلادیا تھا قرہ کا بیان ہے کہ ہم لوگوں کو ابن سیرین ہی کے ورع پر حیرت ہوتی تھی، ابن عون نے انھیں بھی بھلادیا [14] ان کا سب سے بڑا شغل عبادت تھا،نماز فجر کے بعد قبلہ رو بیٹھ کر ذکر کرتے تھے،طلوع آفتاب کے بعد اشراق کی نماز پڑھ کر لوگوں سے مخاطب ہوتے [15] ہر رات کو کئی سو رکعتیں پڑھتے تھے،اگر کسی شب کو ناغہ ہوجاتا تو دن کو پورا کرتے [16] گھر کے احاطہ میں ایک خاص مسجد تھی، مغرب اورعشاء کے علاوہ باقی تین نمازیں اپنے لڑکوں،بھائیوں اور دوسرے حاضرین کے ساتھ اسی مسجد میں پڑھتے تھے،جمعہ اور عیدین میں بڑا اہتمام کرتے تھے،غسل کرکے بہترین لباس زیب تن کرتے،خوشبو لگاتے کبھی سواری پر اورکبھی پاپیادہ مسجد جاتے،جمعہ کی نماز پڑھ کر گھر لوٹ جاتے اور سنتیں وغیرہ گھر ہی پر پڑھتے،رمضان کے زمانہ میں عبادت کرتے تنہائی میں الحمد للہ ربناکے ورد میں مشغول رہتے تھے [17]ایک دن درمیان دے کر ہمیشہ روزہ رکھتے تھے،اس معمول میں مرتے دم تک فرق نہ آیا۔ جہاد فی سبیل اللہ کے لیے خاص طور سے ایک اونٹنی پال رکھی تھی جس کو بہت محبوب رکھتے تھے،بعض مہمات میں ان کی شرکت کی تصریح ملتی ہے؛چنانچہ روم کی کسی جنگ میں شریک ہوئے تھے اورایک رومی سے مبارز طلبی کرکے اس کو قتل کیا تھا۔ [18]

اصلاح نفس

اپنے نفس کی اصلاح کے علاوہ دنیا کے اور مشغلوں سے کوئی دلچسپی نہ تھی بکار بن محمد روایت کرتے ہیں کہ ابن عون نہ کسی سے مذاق کرتے تھے،نہ کسی سے بحث ومناظرہ کرتے تھے،نہ شعر خوانی کرتے تھے،بس انھیں اپنے نفس کی اصلاح سے کام تھا۔ [19]

احسان میں اخفا

کسی کے ساتھ احسان کرکے اس کا اظہار بُرا سمجھتے تھے،بکار بن محمد کا بیان ہے کہ ابن عون جب کسی کے ساتھ کوئی سلوک کرتے تھے تو اس مخفی طریقہ سے کہ کسی کو خبر نہ ہونے پائے، دوسروں پر اس کا اظہار نہایت بُرا جانتے تھے۔ [20]

قسم سے احتراز

قسم کھانا اچھا نہ سمجھتے تھے؛چنانچہ کبھی سچی قسم بھی نہ کھاتے تھے، بکار بن محمد بیان کرتے ہیں کہ میں ایک زمانہ میں دراز؛بلکہ ان کی موت تک ان کے ساتھ رہا، اس طویل مدت میں میں نے کبھی ان کو جھوٹی سچی کسی قِسم کی قسم کھاتے نہیں دیکھا۔

اخلاق

نہایت خوش اخلاق،حلیم الطبع اورنرم خو تھے، کسی موقع پر بھی ان کی زبان سے ناروا کلمہ نہیں نکلتا تھا،بکار کا بیان ہے کہ میں نے ابن عون سے زیادہ زبان پر قابو رکھنے والا آدمی نہیں دیکھا،وہ اپنے لونڈی غلاموں ؛بلکہ بکر ی اورمرغی تک کو کبھی گالی نہ دیتے تھے [21]جہاد کی جس اونٹنی کو بہت محبوب رکھتے تھے، ایک مرتبہ ایک غلام کو اس پر پانی لاد کر لانے کا حکم دیا،اس نے اس کو ایسی بے دردی کے ساتھ مارا کہ اس کی آ نکھ بہہ گئی،لوگوں کو خیال ہوا کہ اگر انھیں کسی بات پر غصہ آسکتا ہے تو غلام کی اس حرکت پر ضرور آئے گا،لیکن جب ان کی نظر اونٹنی پر پڑی تو غلام سے صرف اس قدر کہا سبحان اللہ خدا تم کو برکت دے کیا تم کو مارنے کے لیے چہرہ کے علاوہ اورکوئی عضو نہ ملتا تھا اور اس کو گھر سے نکال کر آزاد کر دیا [22] ان کی انتہائی خفگی تھی،اپنے دشمنوں کو بھی جن کے ہاتھوں ایذا پہنچتی تھی برا نہ کہتے تھے، ایک مرتبہ انھوں نے ایک عربی عورت سے شادی کی،بلال بن ابی بروہ نے اس عصبیت میں کہ ایک غلام نے ایک عربی عورت سے شادی کی انھیں کوڑوں سے پٹوایا،بکار کا بیان ہے کہ میں نے اس واقعہ کے بعد بھی ابن عون کی زبان سے بلال کے متعلق ایک لفظ نہیں سنا، ایک مرتبہ بعض لوگوں نے کہا کہ بلال نے آپ کے ساتھ نہایت بُرا سلوک کیا، فرمایا ایک آدمی مظلوم ہوتا ہے،لیکن پھر وہی ظلم کی شکایت کرکے ظالم بن جاتا ہے،تم میں سے کوئی بھی بلال کے لیے مجھ سے زیادہ سخت نہیں ہے،لیکن میں اس کی شکایت کرکے ظالم نہ بنوں گا۔ [23]

حب رسول

ذاتِ نبویﷺ کے ساتھ والہانہ شیفتگی رکھتے تھے؛چنانچہ ان کی سب سے بڑی تمنا یہ تھی کہ ایک مرتبہ خواب ہی میں رُخِ انور کی زیارت ہوجاتی،خدانے ان کی یہ تمنا پوری کی،وفات سے کچھ دنوں پہلے خواب میں دیدار جمال نبوی سے مشرف ہوئے، اس شرف پر ایسے وارفتہ ہوئے کہ بالاخانہ سے اتر کر فوراً مسجد میں آئے اورانتہائی مسرت میں گرپڑے پیروں میں چوٹ آئی، لیکن ایک بابرکت یادگار کی حیثیت سے اس چوٹ کا علاج نہ کیا کہ۔ [24] زخمِ دل مظہر مبادابہ شود ہشیار باش کیں جراحت یادگارِ نادکِ مژگااوست

وفات

بالآخر یہی چوٹ مرض الموت کا سبب بن گئی، لیکن ابن عون نے نہایت صبر واستقلال کے ساتھ اس مرض کی تکلیفوں کا مقابلہ کیا،بکار بن محمد کا بیان ہے کہ بیماری کی حالت میں وہ شبرسے زیادہ ضابط وصابر تھے،دور ان علالت میں مطلق حرفِ شکایت زبان پر نہ لائے،ہوش وحواس ،آخر دم تک قائم رہے،اپنی پھوپھی ام محمد بنت عبد اللہ کے کہنے پر میں نے ابن عون کی حالت نزع میں سورہ یسین پڑھی تھی میں نے موت کے وقت ان سے زیادہ عاقل کسی کو نہیں دیکھا، جب تک آخری سانس آتی رہی اس وقت تک وہ قبلہ رو خدا کا ذکر کرتے رہے،بالآخر خدا نے ان کی مشکل آسان کی اور رجب 151ھ میں وہ واصل بحق ہو گئے اور محراب میں جنازہ رکھ کر نماز پڑھائی گئی،جمیل بن محفوظ ازدی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ [25]

ترکہ

ابن عون کے پاس نقد روپیہ نہ تھا،ترکہ میں دومکانات چھوڑے،مرض الموت میں پانچویں حصہ کی وصیت اپنے اعزہ واقرباء کے لیے کرگئے تھے،دس ہزار سے کچھ اوپر قرض تھا، اس کو ادا کرنے کے بعد وصیت پوری کی گئی۔ [26]

حلیہ

نہایت خوش جمال آدمی تھے،نصف کانوں تک پٹے تھے،مونچھیں زیادہ گہری نہیں کترواتے تھے۔ [27]

نفاست

خوش جمالی کے ساتھ بڑے نفاست پسند،لطیف مزاج اورخوش لباس تھے، کپڑے نہایت نرم وباریک پہنتے تھے،خوشبوزیادہ لگاتے تھے،پورا لباس پہن کر گھر سے باہر نکلتے تھے، وضو اورکھانے وقت خادم رومال پیش کرتا تھا اس سے ہاتھ منہ صاف کرتے تھے،لہسن وغیرہ بدبودار چیزوں سے سخت نفرت تھی جس کھانے میں لہسن ہوتا تھا، اس کو ہاتھ نہ لگاتے تھے، ایک مرتبہ لونڈی نے کھانا پکا کر سامنے لگایا ،اس میں لہسن کی بو معلوم ہوئی لونڈی سے پوچھا ،اس نے اقرار کیا لیکن طبیعت میں ضبط و تحمل بہت تھا، اس لیے صرف اس قدر کہا،خدا تجھ کو برکت دے، اس کو میرے سامنے سے لے جاؤ۔ [28]

حوالہ جات

  1. (ابن سعد،ج 7 ،ق2،ص 25)
  2. (تہذیب التہذیب:5/347)
  3. (ابن سعد،ج 7،ق2،ص42)
  4. (تہذیب التہذیب:5/347)
  5. (تہذیب التہذیب:5/347)
  6. (ایضاً:348)
  7. (ایضاً)
  8. (ابن سعد،ج7،ق2،ص27)
  9. (ابن سعد ایضاً:25)
  10. (ابن سعد،ج7،ق2،ص27)
  11. (تہذیب التہذیب :5/347)
  12. (تہذیب التہذیب ایضاً:348)
  13. (تہذیب التہذیب ایضاً:27)
  14. (شذرات الذہب :1/230)
  15. (ابن سعد،ج7،ق 2،ص 25)
  16. (ایضاً:25)
  17. (ایضاً:26)
  18. (ابن سعد،ج 5،ق2،ص28)
  19. (ایضاً:25)
  20. (ایضاً:28)
  21. (ایضاً:25)
  22. (ایضاً:25)
  23. (ایضاً:25)
  24. (ابن سعد:2/2،ص29)
  25. (ابن سعد ایضاً:29،30)
  26. (ابن سعد ایضاً:30)
  27. (ابن سعد،ج7،ق2،ص27)
  28. (ایضاً:26)